ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نائب وزیراعلیٰ پرمیشور نے علاحدہ ریاست کے مطالبے کو مسترد کردیا

نائب وزیراعلیٰ پرمیشور نے علاحدہ ریاست کے مطالبے کو مسترد کردیا

Mon, 30 Jul 2018 23:30:53    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز)نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور نے شمالی کرناٹک کے علاقوں پر مشتمل علاحدہ ریاست کی تشکیل کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ کرناٹک ایک تھا ، ایک ہے اور ایک ہی رہے گا‘‘ اس کے تکڑے کرنے کی بات ناقابل برداشت ہے۔

آج ودھان سودھا میں اعلیٰ سرکاری افسروں کی کانفرنس میں خطاب کے دوران ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ شمالی کرناٹک کی ترقی کے متعلق وزیر اعلیٰ کمار سوامی کے بیان کا غلط مطلب نکالا گیا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ شمالی کرناٹک کے لئے بجٹ میں وافر فنڈز مہیا کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے شمالی کرناٹک کے 13اضلاع کو جتنا فنڈ مہیا کرایا گیا ہے وہ تمام تفصیلات منظر عام پر لانے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔ حکومت عنقریب یہ تمام اعداد وشمار منظر عام پر لائے گی۔ شمالی کرناٹک کی ترقی اور علاقائی عدم توازن کوختم کرنے کے لئے ڈی ایم ننجنڈپا کمیٹی سفارشات کے نفاذ پر حکومت کی پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اس رپورٹ کے مطابق ریاست کے 114 تعلقہ جات پسماندہ تھے، سات سال قبل پیش کی گئی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 19ہزار کروڑ روپے خرچ کرنے کی سفارش کی گئی تھی، مرحلہ وار یہ رقم یکے بعد دیگرے حکومتوں نے صرف کی ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کرناٹک علاقے کو آئین کی دفعہ 371Jکے تحت خصوصی درجہ بھی دیاگیا ہے۔ ان علاقوں کی ترقی کے لئے علاحدہ حیدرآباد کرناٹک ترقیاتی بورڈکی تشکیل کی گئی ہے۔انہوں نے یہ الزام مسترد کردیا کہ حکومت نے شمالی کرناٹک کے کسی بھی حصے کو نظر انداز کردیا ہے۔


Share: